
پڑوسی ملک روس کی جانب سے جنگ کا شکار ہونے والے ملک یوکرین کے لیے عالمی بینک نے 489 ملین ڈالرز کا سپورٹ پیکیج منظور کر لیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین کے لیے سپورٹ پیکیج عالمی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی نے یہ بھی بتایا ہے کہ یوکرین پیکیج میں 350 ملین ڈالرز کا ضمنی قرض اور 139 ملین ڈالرز گارنٹیز کی مد میں شامل ہیں۔
عالمی بینک کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس سپورٹ پیکیج سے یوکرین کے لوگوں کو اہم خدمات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
آسٹریلوی کمپنی کا روسی تیل خریدنے سے انکار
دوسری جانب آسٹریلوی انرجی کمپنی نے روسی تیل کی خریداری بند کر دی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی انرجی کمپنی کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روس کے خوفناک حملے نے شدید دھچکا پہنچایا ہے۔
مذکورہ آسٹریلوی انرجی کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس یوکرین تنازع کے خاتمے تک روس سے خام تیل کی خریداری نہیں کریں گے۔
جاپان کی روس، بیلا روس پر مزید پابندیاں
ادھر جاپان نے روس اور بیلا روس پر مزید پابندیاں عائد کر دیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جاپان کی جانب سے مزید 20 روسی حکام پر تازہ ترین پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
جاپان کی طرف سے بیلاروس کے 12 شہریوں اور مزید 12 اداروں پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
جاپان کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں روس اور بیلا روس پر تیسرے مرحلے کی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔
جاپان کی طرف سے روس اور بیلا روس کو تیل ریفائنری کے آلات سمیت عسکری استعمال میں آنے والے آلات کی برآمد پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
Comments
Post a Comment