
افغانستان میں طالبان حکومت قائم ہونے کے بعد وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے والے سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر آگئے۔
سراج حقانی کابل میں نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں میڈیا اور عوام کے سامنے آئے۔
طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات نے تصدیق کی کہ سراج حقانی پہلی مرتبہ عوام اور میڈیا پر آئے ہیں، نائب افغان وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر کے پرنسپل سیکریٹری عبداللہ عظام نے سراج حقانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کیں۔
کابل میں طالبان حکومت میں بڑی سطح پر پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں امارت اسلامیہ پولیس نے نئے یونیفارم کے ساتھ شرکت کی۔
طالبان حکومت کی وزارت اطلاعات نے تصدیق کی کہ وزیر داخلہ سراج الدین حقانی نے کابل میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب بھی کیا۔
سراج الدین حقانی طالبان کے کابل پر قبضے کے باوجود منظرعام پر نہیں آئے تھے اور تصاویر جاری کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
یاد رہے کہ سراج الدین حقانی اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری کردہ دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں موجود ہیں۔
طالبان کی امریکا سے جنگ کے دوران امریکا نے سراج حقانی کو انتہائی مطلوب شخص قرار دے رکھا تھا، اور ان کی گرفتاری میں مدد پر پچاس لاکھ ڈالر کا انعام تھا۔
Comments
Post a Comment