وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں تاریخی اقدام – صوبائی کابینہ نے ڈیجیٹل لینڈ سیٹلمنٹ کی منظوری دے دی
کوئٹہ: (خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بلوچستان کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
اس اجلاس میں کابینہ نے ڈیجیٹل لینڈ سیٹلمنٹ کے منصوبے کی منظوری دے دی، جو بلوچستان کی تاریخ میں ایک انقلابی قدم ہے۔ اس منصوبے کے تحت صوبے بھر میں زمینوں کا ریکارڈ جدید خطوط پر کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا، جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا، زمینوں کے تنازعات کا خاتمہ ممکن ہوگا اور عوام کو سہولت میسر آئے گی۔
اسی حوالے سے دلچسپ دنیا نیوز کے سی ای او صاحبزادہ عتیق اللہ خان نورزئی کا مضمون مختلف ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا میں شائع ہوا، جس میں انہوں نے بلوچستان میں ڈیجیٹل لینڈ سیٹلمنٹ کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ زمینوں کے معاملات میں شفافیت پیدا کرنے اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کو بلوچستان کی ترقی کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا اور اس کے جلد از جلد نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے اس جرات مندانہ فیصلے کو عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کا یہ اقدام بلوچستان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا اور کرپشن و دھوکہ دہی جیسے مسائل کا مؤثر حل فراہم کرے گا۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف بلوچستان کی معیشت میں استحکام پیدا کرے گا بلکہ عوام کا حکومت پر اعتماد بھی بحال کرے گا۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں صوبائی کابینہ کی جانب سے لیے گئے اس بروقت فیصلے پر عوام نے خراج تحسین پیش کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت ایسے ہی ترقیاتی اقدامات جاری رکھے گی۔
Comments
Post a Comment